اسلام آباد (ویب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے مقدس مقام پر ڈرون حملے کی مبینہ کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل معافی قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ مسجد الحرام اور مکہ مکرمہ جیسے مقدس مقام پر بزدلانہ حملے کی کوشش پر پاکستانی عوام شدید دکھ اور تشویش میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے سعودی مسلح افواج کی فوری کارروائی، مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بروقت کارروائی کے ذریعے خطرے کا مقابلہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تمام فریقین سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مزید کشیدگی سے گریز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خطہ پہلے ہی تنازعات کی بھاری قیمت ادا کرچکا ہے اور پائیدار امن کے حصول کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی قابل عمل راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برادر اسلامی ملک سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے ساتھ ساتھ حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
