کوئٹہ (ویب نیوز) جمعیت علماء اسلام نظریاتی بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا قاری مہر اللہ، صوبائی جنرل سیکرٹری مفتی شفیع الدین، سینئر نائب امیر مولانا محمد احمد حقانی، مولانا مفتی رحمت اللہ خلجی، سرپرست مولانا سراج الدین، مولانا نیاز محمد، حافظ حلیم شاہ، میر مبارک محمد حسنی، حاجی فیض اللہ خان، مولانا مفتی عبدالاحد کبدانی، مولانا جمعہ خان، مولانا عبدالغفور کرخی، مولانا حافظ عبدالواحد ہاشمی، مولانا عبدالمالک اندر، مولانا مفتی عبدالناصر مینگل، عبدالغنی، حاجی شیرجان، مولانا محمد صادق اور دیگر رہنماؤں نے مکہ مکرمہ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ پر حملہ پوری امت مسلمہ کی اجتماعی عزت پر حملہ تصور ہوگا۔ رہنماؤں نے کہا کہ مکہ مکرمہ کی حرمت پامال کرنے کی کوئی بھی کوشش امت مسلمہ کے لیے محض سیاسی یا جغرافیائی واقعہ نہیں بلکہ تمام مسلمانوں کے دل و روح پر گہرا زخم ہے، جبکہ مکہ مکرمہ کا دفاع اور امن ہر مسلمان کے ایمان اور وجود سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور حرمین شریفین کے تحفظ و احترام کے معاملے پر دنیا بھر کی امت مسلمہ ایک بنیانِ مرصوص کی طرح متحد ہو جاتی ہے، حرمین شریفین کی حرمت اور امن کا تحفظ اسلام کا بنیادی تقاضا اور اجتماعی فریضہ ہے، جبکہ خانہ کعبہ اور مسجد الحرام پر کسی بھی قسم کی دراندازی، تشدد یا حملے کی کوشش امت مسلمہ کے لیے ناقابل برداشت اور سنگین جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی سرزمین پر کسی بھی قسم کا حملہ، اشتعال انگیزی یا خطرہ امت مسلمہ کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کے تمام ممالک مختلف عالمی سازشوں اور چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں اور بالخصوص سعودی عرب سمیت مسلم ممالک کے خلاف کشیدگی اور محاذ آرائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کے خلاف محاذ آرائی اور بغاوت کی تحریکوں کو ہوا دینا عالمی ایجنڈے کا حصہ ہے اور اس وقت عالم اسلام کو اندرونی و بیرونی بدامنی، خانہ جنگی اور دیگر سنگین مسائل کا سامنا ہے، جبکہ مسلم دنیا کی معیشت، دفاعی قوت، امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
