پاکستان ۲۴ جون ۲۰۲۶

مولانا سے تنہائی میں کی گئی بات قبر میں لے جاؤں گا، کبھی نہیں بتاؤں گا، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (ویب نیوز) قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا جس نے ایوان کا ماحول خوشگوار بنا دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کے دوران کہا کہ انہوں نے مولانا فضل الرحمان سے تنہائی میں جو بات کی ہے، وہ اسے قبر میں لے جائیں گے لیکن کبھی کسی کو نہیں بتائیں گے۔ اس پر مولانا فضل الرحمان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم کو اجازت دیتے ہیں کہ وہ وہ بات ایوان میں بیان کر دیں۔ تاہم وزیراعظم نے جواب دیا کہ وہ مولانا کی یہ پیشکش قبول نہیں کریں گے کیونکہ اگر وہ بات سامنے آگئی تو معاملات اتنے آگے چلے جائیں گے کہ پھر واپس نہیں آئیں گے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان اس دوستانہ جملوں کے تبادلے پر ایوان میں قہقہے گونج اٹھے اور اراکین نے اس مکالمے کو دلچسپی سے سنا۔