کوئٹہ(صداقت انٹرنیشنل ویب ڈیسک)صوبائی مشیر ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیات نسیم الرحمن ملاخیل نے عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ موجودہ ماحولیاتی چیلنجز، خصوصا موسمیاتی تبدیلی، آلودگی، جنگلات کی کٹائی اور پانی کی قلت جیسے سنگین مسائل کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اجتماعی طور پر سنجیدہ اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال کے لیے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جن میں بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم، فضائی و زمینی آلودگی کی نگرانی، پانی کے وسائل کا بہتر انتظام اور ماحول دوست پالیسی سازی شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ صوبے بھر میں عوامی آگاہی مہمات بھی چلائی جا رہی ہیں تاکہ ماحولیاتی شعور کو اجاگر کیا جا سکے۔نسیم الرحمن ملاخیل نے واضح کیا کہ اس سال یومِ ماحولیات کا عالمی موضوع دنیا بھر سے پلاسٹک آلودگی کا خاتمہ ہے، جو ہماری صوبائی حکمت عملی کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کا قدرتی تنوع، بشمول پہاڑ، صحرا، جنگلات اور ساحلی علاقے، نہ صرف مقامی حیات کو سہارا دیتے ہیں بلکہ ماحولیاتی توازن کے لیے بھی انتہائی اہم ہیں اور ان وسائل کا تحفظ ہماری آنے والی نسلوں کی بقا سے جڑا ہوا ہے۔ صوبائی مشیر نے تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی، میڈیا، کاروباری طبقے اور بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ماحول دوست سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور حکومتی اقدامات کا ساتھ دیں۔ اس موقع پر انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے تحت ماحولیاتی بہتری کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کرے گی تاکہ بلوچستان کو ایک صاف، سبز اور تابناک مستقبل دیا جا سکے۔
