پاکستان ۳۱ جولائی ۲۰۲۶

موجودہ نظام منہدم ہو چکا، ملک کی ترقی کے لیے نئے انتظامی یونٹس ناگزیر ہیں: محسن نقوی

اسلام آباد (ویب نیوز): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ موجودہ نظام اپنی افادیت کھو چکا ہے اور اگر اسے درست نہ کیا گیا تو آئندہ برسوں میں بھی یہی مسائل برقرار رہیں گے۔ پہلی پاکستان اکنامک سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام صوبے یکساں نوعیت کے مسائل سے دوچار ہیں اور ان کے حل کے لیے بنیادی ادارہ جاتی اصلاحات ناگزیر ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ وہ جمہوریت کے حامی ہیں، تاہم عوام کو مؤثر طرزِ حکمرانی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے ملکی ترقی کے لیے نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں صوبے یا کوئی اور نام دیا جا سکتا ہے، لیکن انتظامی ڈھانچے میں بہتری کے بغیر مسائل حل نہیں ہوں گے۔