پاکستان ۲۱ اگست ۲۰۲۶

موجودہ حکومت چند دنوں کی مہمان ہے، عمران خان کو مائنس کرنے کا فارمولا کوئی قبول نہیں کرے گا؛ محمود خان اچکزئی

اسلام آباد، کوئٹہ(ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت چند دنوں کی مہمان ہے اور عمران خان کو سیاسی منظرنامے سے مائنس کرنے کا فارمولا کوئی قبول نہیں کرے گا۔ پارلیمنٹ کی عمارت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر صرف حکومت تبدیل کرنے سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ ایک ایسی عبوری حکومت کی ضرورت ہے جو آئندہ شفاف اور منصفانہ انتخابات کے لیے ماحول فراہم کرے، کیونکہ صرف چہرے تبدیل کرنے سے پاکستان نہیں بدل سکتا۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو کم از کم ان نکات پر متحد ہونا چاہیے کہ پارلیمنٹ اقتدار کا سرچشمہ ہو، آئین کو اس کی اصل حیثیت واپس دی جائے اور ہر ادارہ آئین کی مقرر کردہ حدود میں رہ کر کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے قیام اور تقسیم کے لیے آئین میں طریقہ کار موجود ہے اور آئین کے برخلاف انتظامی حکم کے ذریعے علاقوں کو ضم یا تقسیم کرنے کی کوششیں قابل قبول نہیں ہوں گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوام کے دریاؤں اور پانی پر قبضہ کیا گیا تو ملک میں خانہ جنگی کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔ عمران خان کے حوالے سے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ وہ پاکستان کے مقبول ترین سیاسی رہنماؤں میں سے ایک ہیں اور ان کے ساتھ روا رکھا جانے والا موجودہ رویہ درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان عام قیدی بھی ہوتے تب بھی انہیں اسپتال منتقل ہونے اور اپنے اہل خانہ سے ملاقات کا حق حاصل تھا۔ انہوں نے عمران خان کے حوالے سے کسی ممکنہ ڈیل کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے ان کے ساتھ روا رکھا جانے والا رویہ افسوسناک ہے۔ محمود خان اچکزئی نے مزید کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمن عبوری حکومت کے وزیراعظم بنتے ہیں تو وہ ان کی حمایت کریں گے۔