کوئٹہ (ویب نیوز): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت ہر صورت مکمل کرے گی اور وزیراعظم شہباز شریف مدت پوری کریں گے۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام وفاقی وزارتوں کی کارکردگی جانچنے کے لیے غیر جانبدار تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جانا چاہیے، جس میں ان کی اپنی وزارت بھی شامل ہو، اور نتائج عوام کے سامنے لائے جائیں۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وہ اپنی وزارت کی کارکردگی پر وزیراعظم کو جوابدہ ہیں، جبکہ موجودہ نظام ملک کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت کھو چکا ہے، اس لیے بنیادی اصلاحات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے نئے انتظامی یونٹس اور نئے صوبوں کے قیام کو بھی وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے بغیر عوامی مسائل کا مستقل حل ممکن نہیں، تاہم جمہوری نظام اور آئینی عمل کو ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔
