مقامی ۳ اگست ۲۰۲۶

موجودہ حالات میں پشتونوں پر مرتب اثرات انتہائی خطرناک ہیں، پشتونخوا میپ

کوئٹہ(ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ملک اور صوبے کے موجودہ حالات میں پشتون عوام کو درپیش مسائل اور اثرات انتہائی خطرناک ہیں، جن سے نجات کیلئے پشتون قومی جرگہ وقت کی اہم ضرورت ہے، پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کی جانب سے اعلان کردہ جرگہ 29، 30 اور 31 اگست 2026 کو کوئٹہ میں منعقد ہوگا جس کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں، رہنماؤں نے کہا کہ پشتون عوام کو ذاتی اختلافات اور رنجشیں بھلا کر اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ منظم قومیں ہی مشکلات کا مقابلہ کرسکتی ہیں، پشتونخوا میپ دہشتگردی کی ہر شکل کی مخالفت کرتی ہے اور صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے، مختلف علاقوں میں بدامنی، اغواء، قتل و غارت، چوری اور ڈکیتی کے واقعات نے عوام کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے، رہنماؤں نے ان خیالات کا اظہار کوئٹہ کے نواں کلی، زرغون آباد اور کچلاغ کتیر میں شمولیتی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا جہاں متعدد افراد نے پشتونخوا میپ میں شمولیت اختیار کی، مقررین نے نئے شامل ہونے والے افراد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ عوام کی پارٹی میں شمولیت جاری قومی، سیاسی اور جمہوری جدوجہد کو مزید مضبوط کرے گی۔