مقامی ۲۰ جولائی ۲۰۲۶

منفی پروپیگنڈے سے عوام کی توجہ حقیقی مسائل سے نہیں ہٹائی جا سکتی، جے یو آئی کوئٹہ

کوئٹہ(ویب نیوز): جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس اور دیگر ضلعی رہنماؤں نے کہا ہے کہ منفی پروپیگنڈے، بے بنیاد الزامات اور گمراہ کن بیانیے کے ذریعے عوام کی توجہ ملک کو درپیش حقیقی مسائل سے نہیں ہٹائی جا سکتی۔ مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ جماعت کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے جن قومی، آئینی، سیاسی اور عوامی مسائل کی نشاندہی کی ہے، ان پر سنجیدہ غور اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے، تاہم بعض حلقے مسائل کے حل کے بجائے کردار کشی اور منفی مہم میں مصروف ہیں۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کا مؤقف عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتا ہے اور اختلاف رکھنے والوں کو پروپیگنڈے کے بجائے دلیل کے ساتھ اپنا نقطہ نظر پیش کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جمعیت علمائے اسلام آئین کی بالادستی، قومی مفادات اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور کسی بھی منفی مہم سے جماعت کے مؤقف یا عوامی اعتماد پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔