کوئٹہ(ویب نیوز)محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان کے اندرونی حالات انتہائی تشویشناک ہیں اور جمہوری ادارے صرف برائے نام رہ گئے ہیں۔ انہوں نے بلوچستان اور دیگر علاقوں میں بگڑتی امن و امان کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل پر مشاورت کے لیے 29، 30 اور 31 اگست کو کوئٹہ میں جرگہ منعقد کیا جائے گا، جبکہ ستمبر یا اکتوبر میں پختونخوا وطن کا ایک بڑا جرگہ بھی بلایا جائے گا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کی مذمت، بلوچستان میں نئے اضلاع کی تشکیل اور پشتون علاقوں کی تقسیم پر تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ریاست اور بلوچ مسلح گروہوں کے درمیان بڑھتے تصادم کے باعث عام شہری، مزدور اور مسافر غیر محفوظ ہو چکے ہیں، جبکہ قومی شاہراہوں پر بدامنی، بھتہ خوری، فضائی کرایوں میں اضافے اور پشتون علاقوں کی زمینوں کی الاٹمنٹ جیسے مسائل بھی سنگین ہیں۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ 5 اگست کو عمران خان کی قید کے تین سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں تحریک شروع کی جائے گی اور سیاسی مسائل کا حل مذاکرات، قانون کی حکمرانی، امن اور عوامی حقوق کے تحفظ میں ہے۔
