مقامی ۱۵ ستمبر ۲۰۲۶

ملک بدترین بحرانوں کا شکار ہے، قومی مفاد کو سیاسی مفادات پر ترجیح دینا ہوگی، پروفیسر حلیم صادق

کوئٹہ (ویب نیوز) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت مہنگائی، بے روزگاری، معاشی دباؤ اور سیاسی عدم استحکام سمیت متعدد سنگین بحرانوں کا سامنا کررہا ہے، ایسے حالات میں حکمرانوں اور تمام سیاسی قوتوں کو ذاتی و جماعتی مفادات سے بالاتر ہوکر قومی مسائل کے حل پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عام شہری کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کردیا ہے جبکہ بجلی، گیس، پٹرول اور روزمرہ اشیائے ضروریہ کے بڑھتے اخراجات نے متوسط اور غریب طبقے کی زندگی اجیرن کردی ہے، حکومت کو عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے فوری اور مؤثر ریلیف اقدامات کرنے چاہئیں۔ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ ملک میں سیاسی کشیدگی اور مسلسل محاذ آرائی سے نہ صرف جمہوری نظام متاثر ہورہا ہے بلکہ معیشت، کاروبار اور سرمایہ کاری پر بھی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں، سیاسی اختلاف جمہوریت کا حصہ ہے تاہم اختلاف کو دشمنی میں تبدیل کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، اس لیے تمام سیاسی جماعتوں اور متعلقہ قوتوں کو مذاکرات کا راستہ اختیار کرتے ہوئے قومی اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک کے پسماندہ علاقوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، نوجوانوں کے لیے روزگار، تعلیم اور ہنر کے مواقع پیدا کیے جائیں کیونکہ ملک کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وسیع وسائل کو شفاف اور مؤثر انداز میں عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے، کیونکہ عوام اب محض وعدے اور دعوے نہیں بلکہ عملی تبدیلی چاہتے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی، شفاف حکمرانی، مضبوط جمہوری ادارے اور مؤثر معاشی پالیسیاں ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہیں، عوام پاکستان پارٹی ایسے نظام کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی جس میں عام شہری کو انصاف، روزگار، عزت اور بنیادی سہولیات میسر ہوں۔