کوئٹہ (صداقت انٹرنیشنل) صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم کھوسہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر ثابت کردیا کہ ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہاتھوں میں ہے۔ “معرکہ حق” کے حوالے سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر مشکل وقت میں اتحاد، بہادری اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے اور حالیہ معرکہ قومی تاریخ کا ایک اہم باب بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہترین حکمت عملی نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ میر سلیم کھوسہ نے کہا کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور دشمن کو واضح پیغام دیا جا چکا ہے کہ پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سالمیت اور خودمختاری کیلئے دی جانے والی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ دور میں جنگ صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ اطلاعات اور بیانیے کے ذریعے بھی لڑی جاتی ہے، اس لئے نوجوانوں کو سوشل میڈیا سمیت ہر پلیٹ فارم پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں اور صوبے کے نوجوان ملک کی ترقی اور استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ حکومت نوجوانوں کیلئے تعلیم، ترقی اور مثبت سرگرمیوں کے مزید مواقع فراہم کرے گی۔ میر سلیم کھوسہ نے پاک فوج، شہداء اور سیکیورٹی اداروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
