پاکستان ۱۲ اگست ۲۰۲۶

معاشی اشاریے بہتر، لیکن سماجی اشاریے درست کرنا ہوں گے، احسن اقبال

اسلام آباد(ویب نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں تاہم سماجی اشاریوں میں بہتری کے لیے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا ہوں گے۔ اسلام آباد میں پالیسی ڈائیلاگ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبوں نے منتقل شدہ محکموں کے اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہیں کیے، جس سے انتظامی ڈھانچے کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں شوگر اور ہیپاٹائٹس تیزی سے پھیل رہے ہیں جبکہ 40 فیصد بچے غذائی قلت کا شکار ہیں، حکومت ’’اڑان پاکستان‘‘ پروگرام کے تحت 10 لاکھ نوجوانوں کو سماجی بہتری کے لیے سوشل موبلائزر بنا رہی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے تاریخی دفاعی معاہدے نے عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کیا، اب ملک کی تمام توانائیاں معاشی ترقی پر مرکوز کرنا ہوں گی۔