کوئٹہ (ویب نیوز) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کی جو بحث شروع ہوئی ہے وہ ایم کیو ایم نے شروع نہیں کی بلکہ ہم نے اس کی حمایت کی ہے، تاہم نئے انتظامی یونٹس بنائے جائیں یا نہ بنائے جائیں، مقامی حکومتوں کے نظام کو بہتر اور بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی مضبوطی کے لیے ایم کیو ایم کے بل کی منظوری میں پیپلز پارٹی تعاون کرے۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کی بات نہ کرنا بھی آئین کے خلاف ہے۔ دوسری جانب ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کی بات نہیں ہونی چاہیے، صوبے کی بہتری، گورننس میں اصلاح اور بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن صوبائی اسمبلیوں نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قراردادیں منظور کی ہیں، وہاں نئے صوبے بنائے جائیں، جبکہ کالاباغ ڈیم پر اعتراضات کے باوجود جس دوسرے ڈیم پر اتفاق ہے وہ بھی اب تک تعمیر نہیں ہوسکا۔
