کوئٹہ (ویب نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج کو ’’فارم 47 پلس‘‘ کے نام سے جانا جائے گا، مسلم لیگ (ن) نے تاریخی دھاندلی کے ذریعے ایک اور ’’خیراتی مینڈیٹ‘‘ حاصل کیا ہے۔ اپنے بیان میں شرجیل میمن نے الزام عائد کیا کہ عوام نے 2024 اور 2026 میں مسلم لیگ (ن) کو مسترد کیا، جعلی مینڈیٹ پارٹی کو عوام میں مقبولیت نہیں دلا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ سے حکومت تو بنائی جاسکتی ہے لیکن عوامی حمایت اور مقبولیت حاصل نہیں کی جاسکتی، نواز شریف کو شکایت کرنے سے پہلے دیکھنا چاہیے کہ آزاد کشمیر میں سیاسی حالات کس طرح پیدا ہوئے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوری اصولوں، عوامی مینڈیٹ اور سیاسی رواداری کا احترام کیا ہے، دھاندلی یا عوامی مینڈیٹ پر اثرانداز ہونے کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفت کو دشمنی میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے اور تمام سیاسی جماعتوں و حکومتوں کو اس اصول کو اپنانا چاہیے، جبکہ انتخابی عمل پر سنجیدہ سوالات اٹھیں تو انہیں شفاف اور غیر جانب دار طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مریم نواز کی جانب سے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات کا موازنہ بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جہاں عوامی مینڈیٹ تسلیم کیا، وہاں انتخابی عمل سے متعلق اپنے تحفظات بھی بیان کیے۔
