مقامی ۱۴ ستمبر ۲۰۲۶

مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت اور ملکی ترقی کے ایجنڈے پر گامزن ہے، شیخ زرک خان مندوخیل

کوئٹہ (ویب نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن بلوچستان اسمبلی شیخ زرک خان مندوخیل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور عوامی خدمت کو اپنی سیاست کا محور بنایا ہے اور موجودہ حکومت بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کے حل اور صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔ مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے، صوبے کے تمام اضلاع میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی منصوبوں کا آغاز اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ سڑکوں، صحت، تعلیم، آبنوشی، بجلی اور دیگر شعبوں میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ شیخ زرک خان مندوخیل نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) محض دعووں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا چاہتی ہے، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ مشکل حالات میں ملک کے ساتھ کھڑے ہوکر حب الوطنی کا ثبوت دیا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ انہیں ان کا جائز حق، بہتر بنیادی سہولیات اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔ وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان بہتر رابطے اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے صوبے کے مسائل مؤثر انداز میں حل کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے منتخب نمائندے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے اور ترقیاتی منصوبوں میں معیار، شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ملک کو معاشی استحکام، ترقی اور خوشحالی کی جانب لے جانے کے لیے پرعزم ہے اور بلوچستان کا روشن مستقبل امن، سیاسی استحکام، تعلیم، روزگار اور مسلسل ترقی سے وابستہ ہے۔