کوئٹہ( ویب نیوز) مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ممکنہ بڑے آپریشن کے پیش نظر مقامی آبادی کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق پولیس نے مکہ ہوٹل سے بدرنگ تک سڑک کی مغربی جانب رہنے والی آبادی کو منتقل ہونے کی اطلاع دی ہے، جبکہ باغات میں کام کرنے والے مزدوروں اور ٹھیکیداروں کو بھی باغات خالی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ممکنہ آپریشن کے باعث علاقے میں تشویش پائی جاتی ہے، تاہم حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
