مستونگ (ویب نیوز) مستونگ کے علاقے شمس آباد دمب ایریا میں کرکٹ کھیلنے جانے والے عیسائی برادری سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد کی شناخت 21 سالہ ایوش ولد مائیکل اور 24 سالہ دونک ولد لازر کے نام سے ہوئی۔ واقعے کے خلاف لواحقین، خواتین، بچوں اور عیسائی برادری کے افراد نے شہید نواب غوث بخش رئیسانی اسپتال کے سامنے لاشیں رکھ کر احتجاج کیا اور کوئٹہ۔کراچی قومی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی۔ مظاہرین نے قاتلوں کی فوری گرفتاری، شفاف تحقیقات اور اقلیتی برادری کے تحفظ کا مطالبہ کیا، جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
