عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں مستونگ کے علاقے کردگاب کے قریب تاجر برادری کی مال بردار گاڑیوں کو نذرِ آتش کیے جانے کے واقعے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان میں قومی شاہراہوں پر بڑھتی ہوئی بدامنی، لوٹ مار اور گاڑیوں کو جلانے کے واقعات نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔اے این پی کے مطابق چمن سے لسبیلہ اور ژوب سے گوادر تک امن و امان کی صورتحال خراب ہوتی جا رہی ہے جبکہ حکومت اور ادارے عوام کو تحفظ دینے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ بیان میں مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور مبینہ ایرانی پٹرول مافیا کی سرگرمیوں پر بھی تشویش ظاہر کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ قومی شاہراہوں پر امن، شہریوں کے تحفظ اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری عملی اقدامات کیے جائیں۔
