کوئٹہ(ویب نیوز)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ نے مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین کی شہادت جبکہ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت دیگر افراد کے زخمی ہونے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے حکومت کی ناکامی کا واضح ثبوت قرار دیا ہے۔ جاری بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ چند ماہ سے پشتون علاقوں میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اغوا اور بدامنی کے مسلسل واقعات عوام کے لیے شدید تشویش کا باعث ہیں جبکہ حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ پارٹی نے مستونگ واقعے کی شفاف تحقیقات، ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے، قومی و صوبائی شاہراہوں کو محفوظ بنانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری و مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ اگر حکومت شہریوں کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتی تو وزیراعلیٰ بلوچستان کو اپنی آئینی و انتظامی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے فوری مستعفی ہو جانا چاہیے۔ پارٹی نے شہید جج اور ان کے گن مین کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
