کوئٹہ، (ویب ڈیسک): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 37 دہشت گردوں کا خاتمہ بڑی کامیابی ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور بروقت کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں قومی عزم کی عکاس ہیں، جبکہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں سے امن دشمن عناصر کی صلاحیتوں کو مؤثر نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی اور دہشت گرد عناصر کو صوبے کے عوام کی زندگیوں اور ترقی کے عمل میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں اور دیگر مؤثر اقدامات جاری رہیں گے، بلوچستان میں پائیدار امن صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ریاستی ادارے قوم کے تعاون سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔
