مقامی ۲۸ جون ۲۰۲۶

مرحوم ماما محمد اشرف سمالانی بے باک صحافت کے علمبردار اور مظلوموں کی توانا آواز تھے، رئیس فرحان جمالی

کوئٹہ/بولان (ویب نیوز) ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری رئیس فرحان جمالی نے ضلع کچھی (بولان) میں 1995 سے صحافت کی شمع روشن کرنے والے بزرگ اور سینئر صحافی مرحوم ماما محمد اشرف سمالانی کی پہلی برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم بے باک، دیانتدار اور عوام دوست صحافت کی روشن مثال تھے، جنہوں نے ہمیشہ حق، سچ اور مظلوم طبقات کی آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ ماما محمد اشرف سمالانی مچھ سمیت ضلع کچھی کے مختلف علاقوں میں ایک متحرک، فعال اور باوقار صحافی کے طور پر پہچانے جاتے تھے، جنہوں نے اخبارات کو عوام اور سرکاری اداروں تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرکے ایوانوں تک پہنچایا۔ رئیس فرحان جمالی نے کہا کہ مرحوم نے نہ صرف عوامی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کیا بلکہ نوجوان صحافیوں کی تربیت کرکے صحافت کے میدان میں ایک نئی نسل متعارف کرائی، جو آج بھی ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے حق اور سچ کی آواز بلند کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ماما محمد اشرف سمالانی کی صحافتی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی کمی طویل عرصے تک محسوس کی جاتی رہے گی۔