لاہور/جہلم (صداقت ویب نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ منڈی بہاؤالدین، سرائے عالمگیر، پھالیہ، بھیرہ، مریدکے اور جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقے جلال پور شریف میں زلزلے کے جھٹکے شدت سے محسوس کیے گئے۔ جلال پور شریف میں زلزلے کے باعث متعدد مکانات اور عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ چھتیں گرنے سے 14 سالہ لڑکا جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے، جن میں 3 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.8 ریکارڈ کی گئی، اس کا مرکز جہلم سے 58 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا جبکہ گہرائی 12 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
