مقامی ۱۶ ستمبر ۲۰۲۶

محکمہ جنگلات کے کامیاب امیدواروں کو جوائننگ دی جائے، بصورت دیگر احتجاج کریں گے، متاثرین

کوئٹہ (ویب نیوز) محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کے کامیاب امیدواروں نے مطالبہ کیا ہے کہ میرٹ اور محکمانہ قوانین کے مطابق ہونے والی تقرریوں پر نظرثانی کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر جوائننگ دی جائے، بصورت دیگر وہ احتجاج پر مجبور ہوں گے۔ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرے اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کامیاب امیدواروں کے رہنماؤں حبیب اللہ، کرم خان، حیات خان اور دیگر نے کہا کہ ایک صوبائی وزیر نے اسمبلی فلور پر تقرریوں کے حوالے سے جو مؤقف اختیار کیا، اس میں حقائق موجود نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ جنگلات بلوچستان کی مختلف آسامیوں کا اشتہار 17 دسمبر 2022 کو جاری ہوا، بعدازاں 29 مارچ 2024 کو منسوخ کیا گیا اور پھر 14 فروری 2025 کو دوبارہ اشتہار جاری کیا گیا، جس کے تحت امیدواروں نے مقررہ طریقہ کار کے مطابق درخواستیں جمع کرائیں، ٹیسٹ اور انٹرویوز کا عمل مکمل ہوا اور کامیاب امیدواروں کو تقرری کے احکامات جاری کیے گئے۔ امیدواروں کے مطابق انہیں باقاعدہ جوائننگ دی گئی اور انہوں نے تقریباً تین ماہ تک اپنے فرائض انجام دیے، تاہم بعد میں محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کے سیکشن افسر کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کرکے مذکورہ تقرریاں منسوخ کردی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی مخصوص تقرری، امیدوار یا آسامی کے حوالے سے کوئی قانونی یا انتظامی اعتراض موجود ہے تو شفاف تحقیقات کی جائیں، تاہم تمام کامیاب امیدواروں کو دوبارہ جوائننگ دی جائے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر امیدواروں کی بے چینی اور مایوسی دور کی جائے، بصورت دیگر وہ احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔