کوئٹہ: پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور ممبر گورننگ باڈی ورکرز ویلفیئر فنڈ اسلام آباد پیر محمد کاکڑ کی زیرِ صدارت امریکن لائف اسٹائل بورڈنگ اسکول اسلام آباد اور لاہور میں زیرِ تعلیم بلوچستان کے طلبہ کے والدین کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے والدین، مزدور تنظیموں کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ شخصیات نے شرکت کی۔ اجلاس میں طلبہ کی تعلیم، رہائش، خوراک، صحت، سیکیورٹی، ٹرانسپورٹ، صفائی اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے والدین کی آرا اور تجاویز کی روشنی میں سفارشات مرتب کی گئیں۔ شرکا نے متفقہ طور پر والدین کی نمائندہ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا، جو طلبہ کو درپیش مسائل اور تعلیمی نظام کی بہتری سے متعلق سفارشات ورکرز ویلفیئر بورڈ بلوچستان، ورکرز ویلفیئر فنڈ اسلام آباد اور اسکول انتظامیہ کو پیش کرے گی۔ اجلاس میں بلوچستان کے محنت کشوں کے بچوں کو معیاری تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی گئی کہ پیش کی گئی تجاویز پر عملدرآمد سے طلبہ کو مزید بہتر، محفوظ اور عالمی معیار کی تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی۔
