کوئٹہ (صداقت ویب نیوز): قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے خلاف درج ایف آئی آر کے معاملے کی سماعت آج بلوچستان ہائیکورٹ میں ہوئی۔ چیف جسٹس کامران خان ملاخیل کی سربراہی میں قائم ڈویژن بنچ نے محمود خان اچکزئی کی جانب سے دائر آئینی درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے مذکورہ ایف آئی آر پر عملدرآمد کو معطل کردیا اور فریقِ سرکار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت مقرر کردی۔ سماعت کے دوران محمود خان اچکزئی کی جانب سے پشتونخوا لائرز فورم اور بلوچستان کے سینئر وکلاء نے مقدمے کی پیروی کی، جن میں ریاض احمد خان ایڈووکیٹ، سینیٹر کامران مرتضیٰ، حبیب اللہ ناصر ایڈووکیٹ، نعمت اللہ اچکزئی ایڈووکیٹ، جہانگیر خان مندوخیل، حضرت عمر ایڈووکیٹ، اسد خان اچکزئی ایڈووکیٹ، ایاز مندوخیل ایڈووکیٹ، راحب بلیدی ایڈووکیٹ اور عبدالحکیم زرین ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلاء شامل تھے۔ اس موقع پر سینکڑوں وکلاء بھی عدالت میں موجود رہے۔
