چمن( ویب ڈیسک)پشتونخوامیپ کے چیئرمین تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی کی صدارت عیدالضحی کے چوتھے روز مرکزی جلسہ عام کے انتظامات و اقدامات کو حتمی شکل دینے کیلئے تیاریوں کو مزید تیز کرنے کے حوالے سے میونسپل کارپوریشن تحصیل کمیٹی کا اجلاس تحصیل صدر اولس یار خان اچکزئی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پشتونخوا میپ کے مرکزی سیکرٹری صلاح الدین اچکزئی، صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ایگزیکٹیوز نظام عسکر، اقبال خان بٹے زئی،حفیظ خان ترین،ضلعی قائم مقام سیکرٹری حاجی جمال خان اچکزئی نے شرکت کی۔ تحصیل کارپوریشن کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی سربراہ کی چمن آمد کے جلوس کے والہانہ اور پرجوش استقبال کیلئے جلوسوں کی تشکیل،وال چاکنگ، پارٹی پرچم،خیر مقدمی بینرز، اعلانات سمیت تمام تر تیاریوں و انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعدد کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جن کو مختلف ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔اجلاس کے شرکا سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی ملک کی سب سے بڑی جمہوری عوام دوست پارٹی ثابت ہوئی جس کا بیانیہ آج پورے ملک کے جمہوری قوتوں کا بیانیہ بن چکا ہے۔ پارٹی سربراہ محترم محمود خان اچکزئی روز اول سے جن خطرات کی سنگینی کا ذکر اور کٹھن حالات کی طرف اشارہ کررہے تھے آج پورا خطہ ان حالات سے دوچار ہیں خاص کر ملکی داخلہ و خارجہ پالیسیوں کے حوالے سے محمود خان اچکزئی کے تجاویز اور نکات پر عمل کیا جاتا تو آج ملک اس نازک دور سے نہ گزر رہا ہوتا مگر افسوس بدقسمتی سے یہاں عوامی مینڈیٹ کی مسلسل توہین اور لیڈر پہ لیڈر ایجاد کئے جارہے ہیں۔مقررین نے چمن ڈیورنڈ لائن اور تمام تجارتی راستوں کی بندش کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ چمن کا راستہ رزق و روزی کا سب سے بڑا ذریعہ تھا جیسے عوام سے چھین لیا گیا ہمارے پورا علاقہ شدید متاثر ہیں عوام معاشی اقتصادی تنگدستی اور بد حالی سے دوچار ہیں تجارتی راستوں کی بندش کرکے ہمارے عوام کے معاشی قتل عام کردیا گیا انکے بچوں کے منہ سے نوالہ چھین لیا گیا ملک و صوبہ خاک ترقی کریگا جب نوجوانوں پر روزگار کے دروازے بند ہونگے تو ہمارا سانس بند ہوگا ہمارے عوام کو مسلسل دیوار سے لگایا جارہا ہے انکی روزی روٹی کی بندش سے ان میں اشتعال پایا جاتا ہے۔مقررین نے تمام جمہوریت پسند عوام سے اپیل کی کہ ملی مشر محترم محمود خان اچکزئی کا پرتپاک استقبال کریں۔ جلسہ عام میں بڑھ چڑھ کر شرکت کریں اور پارٹی سربراہ ملکی اور بین الاقوامی حالات پر تاریخی خطاب کرینگے۔
