کوئٹہ(ویب نیوز) قومی ٹیم کے سابق کپتان، وکٹ کیپر اور بیٹر محمد رضوان کو پریزیڈنٹ ٹرافی کھیلنے سے روکے جانے کی وجہ سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق رضوان کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے روکنے کی وجہ فٹنس ٹیسٹ نہیں بلکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری انکوائری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے رضوان کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پریکٹس سے بھی منع کردیا، جس کے بعد انہوں نے اپنے ڈپارٹمنٹ ایس این جی پی ایل کو اسلام آباد میں جوائن کیا۔ شان مسعود کی غیرموجودگی میں رضوان کو ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کپتانی کی پیشکش بھی کی گئی اور انہوں نے پریکٹس سیشن اور ٹیم میٹنگ میں شرکت کی، تاہم پی سی بی نے ایس این جی پی ایل انتظامیہ سے رابطہ کرکے انکوائری جاری ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے رضوان کو واپس بھیجنے کا پیغام دیا۔ ذرائع کے مطابق رضوان لاہور پہنچنے کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پریکٹس کے لیے پی سی بی سے رابطہ کیا لیکن انہیں اجازت نہیں دی گئی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دورہ انگلینڈ سے واپسی کے بعد کسی کھلاڑی کا متعلقہ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے پریزیڈنٹ ٹرافی کے لیے فٹنس ٹیسٹ نہیں لیا گیا، جبکہ محمد رضوان ان دنوں اپنے آبائی شہر پشاور میں پریکٹس کر رہے ہیں۔
