تازہ ترین ۲۴ جون ۲۰۲۶

محمد رضوان کا دورہ ویسٹ انڈیز سے باہر ہونے کا خدشہ

لاہور (ویب نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے ان فٹ ہونے کے باعث دورۂ ویسٹ انڈیز سے باہر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ محمد رضوان اس وقت قومی ٹیم کے ریڈ بال کیمپ کا حصہ ہیں، تاہم اطلاعات کے مطابق وہ ایک ہفتے کی تاخیر سے کیمپ میں شامل ہوئے اور ڈاکٹرز کی ہدایت پر ری ہیب کے عمل سے گزر رہے ہیں۔ دائیں ہاتھ کے بیٹر اور وکٹ کیپر اس وقت باقاعدہ پریکٹس میں حصہ نہیں لے رہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی میڈیکل ٹیم 6 جولائی کو ان کا فٹنس ٹیسٹ لے گی، جبکہ قومی ٹیم دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 15 جولائی کو ویسٹ انڈیز روانہ ہونے کا امکان ہے۔ اگر محمد رضوان مکمل فٹ نہ ہو سکے تو وکٹ کیپرز غازی غوری اور روحیل نذیر کو اسکواڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ محمد رضوان نے پاکستان کے لیے اپنے آخری 15 ٹیسٹ میچوں میں ایک سنچری اور 9 نصف سنچریوں کی مدد سے 1157 رنز اسکور کیے ہیں اور وہ حالیہ برسوں میں پاکستان کے کامیاب ترین ٹیسٹ بیٹرز میں شمار ہوتے ہیں۔