پاکستان ۵ اگست ۲۰۲۶

محسن نقوی کا بیان بے معنی ہے، ملک میں آئینی و پارلیمانی نظام موجود ہے: رانا ثناء اللہ

کوئٹہ (ویب نیوز): وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیان بے معنی ہے اور اس کا کوئی واضح سیاق و سباق نہیں۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر محسن نقوی کہتے ہیں کہ نظام تباہ ہو چکا ہے تو یہ واضح کریں کہ وہ کس نظام کی بات کر رہے ہیں، کیونکہ ملک میں پارلیمانی جمہوری نظام اور 1973 کا آئین نافذ ہے، جس کی بدولت وفاق قائم ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ انتظامی یونٹس، نئے صوبوں اور بااختیار بلدیاتی نظام پر بات ہو سکتی ہے، تاہم یہ تمام اقدامات آئین کے دائرے میں رہ کر ہی کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت کے باہمی احترام اور تعاون کی بدولت ملک نے معرکۂ حق میں کامیابی حاصل کی۔