تازہ ترین ۱۶ جون ۲۰۲۶

محرم الحرام میں کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سخت ترین سیکیورٹی اقدامات، دفعہ 144 نافذ

کوئٹہ (ویب نیوز) حکومتِ بلوچستان نے محرم الحرام 1448 ہجری کے دوران امن و امان کی صورتحال، حالیہ دہشت گردی کے واقعات اور ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے سخت حفاظتی اقدامات اور پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ محکمہ داخلہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یکم سے 10 محرم الحرام تک مذہبی منافرت، اشتعال انگیزی، نفرت آمیز تقاریر، فرقہ وارانہ مواد کی تشہیر، اسلحہ کی نمائش اور دیگر امن دشمن سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ حساس مقامات، جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی مزید سخت کی جائے گی۔ کوئٹہ میں ڈبل سواری پر پابندی، جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں کی نگرانی اور وال چاکنگ، بینرز و پوسٹرز کی نمائش پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکومت نے شہریوں اور علمائے کرام سے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی اداروں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔