(ڈیلی صداقت ویب نیوز)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے کوئٹہ کے علاقے لکپاس میں کسٹم گودام میں لگنے والی آگ کو بدترین انتظامی نااہلی اور کرپشن قرار دیتے ہوئے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اربوں روپے کے سامان کی تباہی اور قیمتی جانوں کا ضیاع محض ایک حادثہ نہیں بلکہ حفاظتی اصولوں کو نظر انداز کرنے کا نتیجہ ہے، جس کی شفاف اور غیر جانبدار عدالتی تحقیقات ضروری ہیں۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ حقائق کو چھپانے کے بجائے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرہ خاندانوں و تاجروں کے نقصانات کا فوری ازالہ کیا جائے۔دریں اثنا پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے سول ہسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا اور لکپاس واقعے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے طبی عملے کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ اگر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہ ہوئی تو عوامی غم و غصے کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر ہوگی۔ پارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور شفاف احتساب کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔
