تازہ ترین ۲۲ اگست ۲۰۲۶

لورالائی میں آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے انتخابات کا شیڈول جاری

کوئٹہ(ویب نیوز) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن بلوچستان کے ترجمان ظہور بلوچ نے کہا ہے کہ لورالائی ضلع کی 2026 سے 2029 تک کی کابینہ کے لیے تنظیمی انتخابات کا باضابطہ شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر حاجی سکندر علی لہڑی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے تحت لورالائی میں انتخابات مقررہ ضابطے اور جمہوری طریقہ کار کے مطابق ہوں گے۔ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 3 ستمبر 2026 جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال 4 ستمبر کو دوپہر 12 بجے تک ہوگی۔ کاغذات نامزدگی کے ساتھ تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کے دستخط اور رکنیت کارڈ کی نقل منسلک کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انتخابات 17 ستمبر کو صبح 9 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک ہوں گے۔ کاغذات نامزدگی پر اعتراضات، حتمی امیدواروں کی فہرست اور انتخابات کے دیگر مراحل جاری کردہ شیڈول کے مطابق مکمل کیے جائیں گے۔ کاغذات کے فارم کی فیس 500 روپے جبکہ انتخابی نامزدگی فیس 2,500 روپے مقرر کی گئی ہے۔ ظہور بلوچ نے لورالائی کے تمام کلرکس سے اپیل کی کہ وہ انتخابی شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخابات میں بھرپور حصہ لیں اور ایسوسی ایشن کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتخابات کے دوران کسی قسم کی مداخلت، لابنگ یا غیر ضروری دباؤ کی اجازت نہیں دی جائے گی اور تمام انتخابی امور مقررہ ضابطے کے مطابق انجام دیے جائیں گے۔