لوئردیر (ویب نیوز) لوئردیر کے علاقے برچڑئی تالاش میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)، ضلعی پولیس اور ایلیٹ فورس کی مشترکہ کارروائی کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف پہاڑی علاقے میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا، جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد پولیس چیک پوسٹوں پر حملوں، پولیس اہلکاروں کے قتل اور دیگر دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے، جن میں خلیل الرحمان، نعیم الدین اور کفایت اللہ بھی شامل ہیں۔ سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے 6 کلاشنکوفیں اور 3 دستی بم برآمد کیے گئے جبکہ فرار ہونے والے ساتھیوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ آئی جی پولیس نے کہا کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشن پر سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا اور پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہادر اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنائے اور قوم کو اپنے جوانوں پر فخر ہے۔
