مقامی ۲۹ جولائی ۲۰۲۶

قومی شاہراہیں دہشت گردوں کے نشانے پر، حکومت عوام کے تحفظ میں ناکام: بلوچستان مرکزی انجمن تاجران

کوئٹہ(ویب نیوز) بلوچستان مرکزی انجمن تاجران نے صوبے میں امن و امان کی خراب صورتحال، قومی شاہراہوں پر بڑھتی ہوئی بدامنی اور تاجروں و ٹرانسپورٹرز پر حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام رہے ہیں۔ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ شاہراہوں پر عدم تحفظ کے باعث اشیائے خورونوش کی ترسیل متاثر ہو رہی ہے، جس سے آٹا، چینی، گھی، ادویات اور دیگر ضروری اشیا کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ تاجروں نے وفاقی اور صوبائی حکومت، سیکیورٹی اداروں اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ قومی شاہراہوں پر ریاستی عملداری یقینی بنائی جائے، دہشت گردی اور جرائم کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں اور شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنایا جائے۔