قلعہ عبداللہ(ویب نیوز) بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان کے علاقے گردی پنکئی میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے پانچ تاجروں کو مبینہ طور پر مسلح افراد نے اغوا کر لیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ پیر کی شب پیش آیا جب پانچوں تاجر مقامی کھیت میں خربوزے لوڈ کرنے کے لیے موجود تھے، اس دوران موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ مسلح افراد انہیں مبینہ طور پر زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔ مغوی افراد کی شناخت انعام رضا، باقر حسین، محمد عدنان، محمد شہزاد اور محمد اذان کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کا تعلق گوپانگ بلوچ قبیلے اور ضلع ڈیرہ غازی خان سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ مغویوں کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں، تاہم واقعے اور اغوا کے محرکات سے متعلق پولیس یا انتظامیہ کا باضابطہ بیان تاحال سامنے نہیں آیا۔
