تازہ ترین ۲۰ جون ۲۰۲۶

قلعہ عبداللہ زیادتی کیس: مرکزی ملزمان 24 گھنٹوں میں گرفتار

کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر قلعہ عبداللہ میں نوجوان کے ساتھ مبینہ زیادتی اور تشدد کے واقعے میں ملوث مرکزی ملزمان کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا گیا۔ معاون وزیراعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات شاہد رند نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملزمان کی جلد گرفتاری کی ہدایت دی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان متاثرہ خاندان کے دکھ اور غم میں برابر کی شریک ہے اور اس گھناؤنے جرم میں ملوث عناصر کسی رعایت یا معافی کے مستحق نہیں۔ شاہد رند نے واضح کیا کہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور مؤثر قانونی پیروی کے ذریعے ایسے عناصر کو انجام تک پہنچایا جائے گا تاکہ معاشرے میں قانون کی بالادستی اور عوام کے اعتماد کو یقینی بنایا جا سکے۔