پاکستان ۱ ستمبر ۲۰۲۶

قانون کے ساتھ کھلواڑ جاری رہا تو ہم کبھی ترقی نہیں کرسکتے، مولانا فضل الرحمن

جیکب آباد(ویب نیوز)جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور آئینی بحرانوں کا حل آئین کی بالادستی، حقیقی جمہوریت، پارلیمنٹ کی بالادستی اور عوامی مسائل کے عملی حل میں ہے۔ ریاستی و حکومتی امور آئینی حدود میں چلائے بغیر پائیدار سیاسی استحکام ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور سیاسی عدم استحکام سنگین مسائل ہیں، جن کے حل کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔ تمام صوبوں کو آئین کے مطابق اختیارات اور وسائل میں منصفانہ حصہ ملنا چاہیے، جبکہ عوام کو ریلیف، روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو تصادم کے بجائے مذاکرات اور آئینی طریقہ کار سے حل کیا جائے، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور قانون کی یکساں عملداری ضروری ہے۔ اجلاس میں امن عالم اجتماع 2027 کی تیاریوں اور انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔