اسلام آباد (ویب نیوز) قائم مقام چیئرمین سینیٹسیدال خان ناصر نے ضلع ژوب میں پیش آنے والے المناک مسافر بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کی ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک سانحے نے پوری قوم کو غمزدہ کر دیا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متاثرین کو بروقت علاج، بہترین طبی سہولیات اور ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
