پاکستان ۸ ستمبر ۲۰۲۶

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کی پاکستان نیوی ڈے پر پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کو مبارکباد

اسلام آباد (ویب نیوز) قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان نیوی ڈے کے موقع پر پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کو ان کی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ملک کی سمندری حدود، ساحلی سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ میں ان کے کردار کو سراہا ہے۔ اپنے پیغام میں قائم مقام صدر نے کہا کہ پاکستان نیوی ڈے پاک بحریہ کی بہادری، قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ کے دوران پاک بحریہ نے بے مثال جرات اور اسٹریٹجک مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کی سمندری حدود کے دفاع کے عزم کو ثابت کیا۔ پیر کے روز ایوانِ صدر کے پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان میں سید یوسف رضا گیلانی نے ’’آپریشن سومنات‘‘ کو پاک بحریہ کی حکمتِ عملی، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی نمایاں مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن نے دشمن کی دفاعی صلاحیتوں کو نمایاں نقصان پہنچایا اور یہ ملکی دفاعی تاریخ کا ایک قابلِ فخر باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران پاک بحریہ ایک جدید اور ہمہ جہت بحری قوت کے طور پر ترقی کرچکی ہے اور دفاعی و علاقائی سطح پر ابھرنے والے نئے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ قائم مقام صدر کے مطابق پاک بحریہ کا کردار صرف ملک کی سمندری حدود کے دفاع تک محدود نہیں بلکہ سمندری سلامتی، تجارتی بحری راستوں کے تحفظ، عالمی امن مشنز اور قدرتی آفات کے دوران انسانی امداد کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق اور ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کے دوران بھی پاک بحریہ نے ملک کی ساحلی اور سمندری حدود کے تحفظ کے لیے بھرپور نگرانی اور تیاری برقرار رکھی۔ سید یوسف رضا گیلانی نے ان شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور کہا کہ قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے غازیوں کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ خدمات پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ قائم مقام صدر نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور علاقائی امن، استحکام اور تعاون کے لیے پرعزم ہے، تاہم ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پاک بحریہ اپنی پیشہ ورانہ روایات اور اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کی سمندری حدود کے دفاع کے عزم کو جاری رکھے گی۔ سید یوسف رضا گیلانی نے پاک بحریہ کے تمام افسران اور جوانوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے سمندری محافظوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔