کوئٹہ(سید سردار محمد خوندئی )
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات، چیف آف آرمی اسٹاف اینڈ چیف آف ڈیفنس فورسز نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ آفیسرز سے ملاقات کی۔ چیف آف آرمی اسٹاف اینڈ چیف آف ڈیفنس فورسز کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور بلوچستان بھر میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے جاری اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں ادارہ جاتی ہم آہنگی اور صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں معاونت سے متعلق امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار، آپریشنل تیاری اور بے لوث عزم کو سراہا۔ انہوں نے امن کو مستحکم کرنے اور پائیدار معاشی سرگرمیوں اور ترقی کے لیے سازگار ماحول برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود ریاست کی تمام کوششوں کا مرکز و محور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مستحکم اور محفوظ ماحول ہی صوبے کے عوام کے لیے ترقیاتی اقدامات، معاشی مواقع اور بہتر مستقبل کو فروغ دے گا۔
چیف آف آرمی اسٹاف اینڈ چیف آف ڈیفنس فورسز نے مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور افسران و جوانوں کی فرض شناسی میں ثابت قدمی کو سراہا۔
کوئٹہ آمد پر چیف آف آرمی اسٹاف اینڈ چیف آف ڈیفنس فورسز کا پرتپاک استقبال کمانڈر کوئٹہ کور نے کیا۔
