تازہ ترین ۶ جون ۲۰۲۶

فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کی مالیت نے دنیا کو حیران کر دیا، قیمت 20 ملین ڈالر سے بھی تجاوز کر سکتی ہے

فیفا ورلڈ کپ 2026 کی آمد کے ساتھ ہی دنیا کی سب سے مشہور فٹبال ٹرافی ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 37 سینٹی میٹر بلند اور تقریباً 6 کلوگرام وزنی یہ ٹرافی 18 قیراط سونے سے تیار کی گئی ہے۔ موجودہ عالمی سونے کی قیمت کے مطابق اس میں استعمال ہونے والے مواد کی مالیت تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر بنتی ہے، تاہم اس کی تاریخی اہمیت، نایاب حیثیت اور منفرد ڈیزائن کے باعث اگر اسے نیلام کیا جائے تو اس کی قیمت 2 کروڑ امریکی ڈالر سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔ یہ ٹرافی 1970 میں اطالوی مجسمہ ساز سلویو گازانیگا نے ڈیزائن کی تھی، جس میں دو انسانی مجسمے زمین کو تھامے ہوئے دکھائے گئے ہیں جبکہ اس کے نچلے حصے میں ملاکائٹ نامی سبز معدنی پتھر بھی شامل ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو اصل ٹرافی نہیں دی جاتی بلکہ فیفا اصل ٹرافی اپنے پاس محفوظ رکھتی ہے اور فاتح ٹیم کو سونے کی ملمع کاری والی کانسی کی نقل بطور یادگار دی جاتی ہے۔