کوئٹہ (ویب نیوز) پشین میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ فکرِ باچاخان کی بدولت پشتونخوا اور بلوچستان میں قومی سیاسی شعور کو فروغ ملا اور بزرگ رہنماؤں کی قربانیوں کے نتیجے میں عوام کو جمہوری عمل میں شرکت اور رائے دہی کا حق حاصل ہوا۔ فیض آباد بنیادی یونٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج بھی جمہوری اداروں اور سیاسی سرگرمیوں کو مختلف رکاوٹوں کا سامنا ہے، تاہم کارکنوں کو اپنی نظریاتی اور تنظیمی ذمہ داریاں پوری دیانت داری سے نبھانی چاہئیں۔ انہوں نے سرانان میں تشدد اور ایک محنت کش کے مبینہ اغوا کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ امن و امان اور سماجی ہم آہنگی کے لیے مشترکہ آواز بلند کریں۔
