پاکستان ۲۲ اگست ۲۰۲۶

فورسز کے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں آپریشنز، 49 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ/پشاور،(ویب ڈیسک) سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں 11 مشترکہ کارروائیوں کے دوران 49 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا میں بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر کے علاقوں میں کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 12 خوارج مارے گئے، جبکہ بلوچستان میں مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں 10 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتنۃ الہندوستان سے وابستہ 37 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ، بارود، آئی ای ڈیز، ریموٹ ڈیٹونیشن ڈیوائسز اور دھماکا خیز ڈرمز برآمد کیے گئے جبکہ دہشت گردوں کی موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔ سیکیورٹی فورسز نے بتایا کہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں اور مزید شدت پسندوں کی تلاش کی جا رہی ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عزمِ استحکام کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔