کوئٹہ (ویب نیوز) فاطمہ جناح ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر کمالان گچکی کی رہائش گاہ پر فائرنگ کے واقعے میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین گھنٹوں کے اندر مقدمے میں نامزد دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ مبینہ طور پر واردات میں استعمال ہونے والا رکشہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹر کمالان گچکی کی رپورٹ پر تھانہ شہید میجر انور کاکڑ بروری میں مقدمہ نمبر 246/2026 درج کیا گیا، جس میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 337-H(ii)، 506-B اور 504 شامل کی گئی ہیں۔ ڈی آئی جی کوئٹہ، ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی صدر اور ایس ڈی پی او صدر سرکل کی ہدایات پر ایس ایچ او شہید میجر انور کاکڑ بروری نصیب اللہ ناصر نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں نامزد ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت شعیب ولد محمد دین، سکنہ ہزارہ ٹاؤن بلاک نمبر ایک، اور عادل احمد ولد اسماعیل، سکنہ کلی محمد حسنی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والا رکشہ بھی ملزمان کے قبضے سے برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔
