کابل(ویب نیوز) دنیا بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم اور مختلف جرائم میں ملوث افغان شہریوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آ گئی ہے، جس سے میزبان ممالک میں سیکیورٹی اور انتظامی چیلنجز مزید نمایاں ہو رہے ہیں۔ ترکیہ اور جرمنی نے قتل، منشیات فروشی اور انسانی اسمگلنگ سمیت سنگین جرائم میں ملوث افغان شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن سخت کر دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ترکیہ کے صوبے آغدیر میں کارروائی کے دوران 5 انسانی اسمگلرز اور 11 غیر قانونی افغان مہاجرین کو گرفتار کیا گیا جبکہ اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ گرفتار افراد کو ڈی پورٹیشن مراکز منتقل کیا گیا اور کچھ کے مقدمات پراسیکیوٹر کے حوالے کر دیے گئے۔ ذرائع کے مطابق رواں سال کے پہلے پانچ ماہ میں ترکیہ میں 16 ہزار سے زائد افغان شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ اسی طرح جرمنی بھی سنگین جرائم میں ملوث افغان شہریوں کی ملک بدری کی پروازوں میں اضافہ کر رہا ہے اور حالیہ دنوں میں 32 مجرم افغان شہریوں کو واپس افغانستان بھیجا گیا جبکہ مزید افراد کی ملک بدری کا عمل جاری ہے۔
