قلعہ سیف اللہ( ویب ڈیسک)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام علاقہ غوریزئی میں کلی وچہ غوریزئی کے مقامات پر دو اہم شمولیتی اجتماعات منعقد ہوئے، جن کی صدارت ضلع صدر حاجی دارا خان جوگیزئی نے کی۔ان اجتماعات میں مجموعی طور پر 73 افراد ( خاندانوں)نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ 30 افراد دوبارہ اپنے قومی جماعت میں واپس آئے، 21 افراد جمعیت علمائے اسلام سے مستعفی ہوئے جبکہ 4 افراد عوامی نیشنل پارٹی سے علیحدہ ہو کر پارٹی میں شامل ہوئے۔ پارٹی قیادت نے تمام نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا۔اس موقع پر نئے شامل ہونے والے کارکنان کے لیے ابتدائی یونٹس قائم کیے گئے اور کابینہ تشکیل دی گئی، جس سے تحصیل صدر عزیز احمد عزیز نے حلف لیا۔اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی دارا خان جوگیزئی نے کہا کہ ”غیر قانونی الاٹمنٹس کے اس دور میں جب تک ہم بحیثیت قوم متحد نہیں ہوں گے، اپنے وسائل کا تحفظ ممکن نہیں۔”ضلعی اطلاعات سیکرٹری عزیزاللہ کاکڑ نے کہا کہ ”قومی سیاست کے بغیر ہم اپنے علاقے میں معیاری کالجز، اسکولز اور صحت کی سہولیات حاصل نہیں کر سکتے، حالانکہ ہم ریاست کو باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتے ہیں۔”تحصیل صدر عزیز احمد عزیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ ”برطانوی اور مغل ادوار میں تقسیم کیے گئے پشتونوں کو دوبارہ یکجا کرنا، انہیں مزاحمت کی روح کے ساتھ متحد کر کے اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے طاقت میں بدلنا ہی قوم پرست سیاست کی اصل روح ہے۔”ضلعی ڈپٹی چیئرمین احسان اللہ کاکڑ اور ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ظریف صبا نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ”عوام کو درپیش مسائل خواہ مریضوں کے معاملات ہوں، نادرا کے مسائل یا دیگر روزمرہ مشکلات، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ہر موقع پر عوام کے ساتھ کھڑی نظر آئے گی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔”اجتماعات سے دیگر مقررین میں تحصیل جنرل سیکرٹری فضل خان میرزئی، تحصیل اطلاعات سیکرٹری نذیر جوگیزئی، مولوی کلیم اللہ اور ملا روزی نے بھی خطاب کیا اور پارٹی کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
