کوئٹہ(ویب نیوز) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ملاوٹی اور غیر صحت بخش دودھ و دہی کے خلاف خصوصی مہم تیسرے روز بھی جاری رہی۔ بی ایف اے کی ٹیموں نے رئیسانی روڈ، طوغی روڈ، علمدار روڈ، جان محمد روڈ، سی پیک روڈ اور نواں کلی بائی پاس میں 19 دودھ کی دکانوں، 52 دودھ بردار گاڑیوں و موٹر سائیکلوں اور گھروں میں قائم 3 یونٹس کا معائنہ کیا۔ ملاوٹی دودھ کی فروخت پر 16 یونٹس پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر 2 مقامات سیل کیے گئے۔ موبائل لیبارٹریز کے ذریعے موقع پر 16 ہزار 150 لیٹر دودھ کی جانچ کی گئی، جس میں سے 570 لیٹر ملاوٹی اور غیر معیاری دودھ تلف کردیا گیا۔ اسی طرح 360 کلو دہی میں سے 200 کلو دہی ناقص معیار اور ملاوٹ کے باعث تلف کی گئی۔ ترجمان کے مطابق مختلف نمونوں میں دودھ کے اندر 10، 14، 20 اور 37 فیصد تک پانی کی ملاوٹ پائی گئی جبکہ بعض کیسز میں اسکمڈ ملک کی ملاوٹ بھی ثابت ہوئی۔ کارروائیوں کے دوران بغیر لائسنس کاروبار، ناقص صفائی، آلودہ دودھ کے کین، غیر مناسب اسٹوریج اور فوڈ سیفٹی قوانین کی دیگر خلاف ورزیاں بھی سامنے آئیں۔ ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ مہم کا مقصد شہریوں کو معیاری، محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے، جدید موبائل لیبارٹریوں سے دودھ کے معیار کی جانچ جاری رہے گی اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
