کوئٹہ (صداقت نیوز) صوبہ بلوچستان میں عیدالاضحیٰ کے تین روز کے دوران قومی شاہراہوں پر ٹریفک حادثات میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں مختلف حادثات کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق جبکہ 644 زخمی ہو گئے۔ ایمرجنسی ریسپانس سینٹر بلوچستان کے مطابق عید کے ایام میں صوبے بھر میں مجموعی طور پر 434 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے، جن میں سینکڑوں افراد زخمی ہوئے اور انہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق کوئٹہ۔کراچی قومی شاہراہ کے وندر، لسبیلہ سیکشن پر 23 حادثات پیش آئے جن میں 6 افراد جان سے گئے اور 34 مسافر زخمی ہوئے، جبکہ گدر۔سوراب سیکشن پر 17 حادثات میں 4 افراد جاں بحق ہوئے۔ اسی طرح سرانان۔پشین سیکشن پر 14 مختلف حادثات کے نتیجے میں 2 افراد اپنی جانوں سے محروم ہو گئے۔ متعلقہ حکام نے قومی شاہراہوں پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ٹریفک قوانین کی پابندی پر زور دیا ہے۔
