کوئٹہ(ویب نیوز)پاکستان سنی تحریک کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری خان محمد جتک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں کے راستوں میں کسی بھی قسم کی تبدیلی قبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میلاد شریف کے تمام جلوسوں اور اجتماعات کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، جبکہ فوج، پولیس، ضلعی انتظامیہ، اہل سنت کے رہنماؤں اور علما کو مشترکہ حکمت عملی تشکیل دے کر تمام پروگراموں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتہائی حساس اضلاع میں فوج اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں۔ جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں اور میلاد کی محفلوں کے دروازوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں اور مکمل تلاشی کے بعد شرکا کو داخلے کی اجازت دی جائے۔ خان محمد جتک نے زور دیا کہ صرف اعلیٰ حکام کے دورے کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد غفلت اور سستی نہیں ہونی چاہیے بلکہ جلوسوں اور پروگراموں کے اختتام تک سیکیورٹی اہلکار فعال طور پر اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ انہوں نے پاکستان سنی تحریک کے عہدیداروں، کارکنوں اور اہل سنت عوام سے اپیل کی کہ وہ میلاد کے جلوسوں اور محافل میں باوضو ہوکر ابتدا سے اختتام تک شرکت کریں اور حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کریں۔
